کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دوستین جمالدینی نے کہا ہے کہ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جسے صاف رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے شہری اور تاجرکچرہ نالیوں یا سڑکوں پر پھینکے سے گریز کریں یہ بات انہوں نے ٹرنچنگ گراؤنڈ اور بکراپیڑی کے دورے کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میٹرپولیٹن کارپوریشن جبار بلوچ ، سینئر افسران اشفاق بادینی ، عبدالحق بلوچ ، انور لہڑی ، سرور زہری و دیگر بھی موجود تھے ، دوستین جمالدینی نے کہا کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر بکرامنڈی میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ تاجروں اور خریداری کےلیے آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر سے کچرا ٹرکوں کے ذریعے مشرقی بائی پاس پر واقع ٹرنچنگ گراؤنڈ میں جمع کیا جاتا ہے ۔کوئٹہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے شہری اور تاجر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے عملے سے بھرپور تعاون کریں اور کچرہ جگہ جگہ پھینکنےکی بجائے مخصوص جگہ پر ڈالا کریں تاکہ اسے بروقت ٹھکانے لگایا جا سکے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میٹرپولیٹن کارپوریشن جبار بلوچ نے کہا کہ شہر کا مرکزی سلاٹر ہاؤس کافی پرانا ہے جو شہر کی موجود آبادی کو دیکھتے ہوئے اب یہ ضررویات پوری کرنے کیلئے ناکافی ہے شہر کی آبادی کے پیش نظر مختلف مقامات پر 4 مذید سلاٹر ہاؤس قائم کئے جارہے ہیں جو جدید طرز پر بنائے جائیں گے۔