کوئٹہ( پ ر)ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ جبار بلوچ نے کہا ہے کہ شہر میں بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف قانون بننے والی بلڈنگ کو نہ صرف سیل کیا جائے گا بلکہ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا ،شہری بلڈنگز کی تعمیر سے قبل میٹروپولیٹن کارپوریشن سے باقاعدہ نقشے کی منظوری لیں اور نقشے کے مطابق بلڈنگ کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز عدالت روڈ، یٹ روڈ ،ڈبل روڈ،جیل روڈ،لیاقت بازار ودیگر علاقوں کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر حاجی اسحاق مینگل ،عزیز کاکڑ،اسسٹنٹ کمشنر فاروق عبداللہ ،مجسٹریٹ عبدالباسط بزدار بھی انکے ہمراہ تھے۔ جبار بلوچ نے شہر کے مختلف علاقوں میں زیرتعمیر بلڈنگ کا دورہ کیا اور خلاف قانون بننے والی 4بلڈنگز کو فوری طور پر سیل کرکے انکے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دیا جبکہ جیل روڈ ایو ب اسٹیڈیم کے قریب قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹرپل تہہ خانے والی بلڈنگ کوبھی سیل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ زلزلہ زون پر واقع ہے اور بلڈنگ کوڈ کے مطابق ہی عمارتوں کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا کسی کو خلاف قانون بلڈنگ تعمیر کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے نقشہ برانچ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ شہر میں زیر تعمیر عمارتوں کا معائنہ کریں بغیر نقشے اور خلاف قانون بننے والی عمارتوں کو فوری طور پرسیل کیا جائے اور انکے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کرکے روزانہ کی بنیاد پر انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔