کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم سندھ کے اشتراک سے آغا خان یونیورسٹی نے صوبے میں اساتذہ کی لائسنسنگ کے لیےکی گئی تحقیق ’وائٹ پیپر‘ لانچ کردیاگیا۔ وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کے معیار اور اساتذہ کی قابلیت کیلئے ٹیچر لائسنسنگ بیحد ضروری ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کے اساتذہ کی تربیت کیلئے بنے ادارے سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈولپمنٹ اتھارٹی (اسٹیڈا)، آغا خان یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈولپمنٹ (آئی ای ڈی) اور ایجوکیشنل آرگنائیزیشن دوربین کی مشترکہ کاوشوں سے سندھ میں اساتذہ کی لائسننگ کے معاملے پر کی گئی ریسرچ رپورٹ پیش کی گئی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ، نیشنل ایکریڈٹیشن کاؤنسل فار ٹیچر ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر محمد میمن، اے کے یو کے ڈائریکٹر پالیسی اسٹڈیز ڈاکٹر ساجد علی، آغا خان یونیورسٹی ڈین ڈاکٹر فرید پنجوانی اور زندگی ٹرسٹ کے شہزاد رائے، دوربین آرگنائیزیشن کی سلمیٰ عالم، ضیاء الدین یونیورسٹی کی راعنہ حسین، اسٹیڈا کے ہارون لغاری، اور سیکڑوں طلبا و اساتذہ شریک تھے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا کہ میڈیکل اور انجینئرنگ سمیت دیگر فیلڈز کی طرح ٹیچنگ کے شعبے میں بھی لائنسنسنگ ہونی چاہیے۔