• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL نشریاتی حقوق، سرکاری TV وکیل کا معاہدے میں بے ضابطگیوں کا اعتراف

لاہور (نمائندہ جنگ)پی ایس ایل نشریاتی حقوق، سرکاری ٹی وی کےوکیل کا معاہدے میں بے ضابطگیوں کا اعتراف ، آئندہ سماعت پر تمام متعلقہ دستاویزات معزز عدالت میں پیش کرنے کے لیے وقت مانگ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن نے لاہور ہائی کورٹ کے سامنے تسلیم کیا ہے کہ سرکاری ٹیلی ویژن کارپوریشن اور نجی میڈیا گروپ اے آر وائی کے درمیان PSL-VII کے نشریاتی حقوق کا معاہدہ قوانین کی خلاف ورزی اور شفافیت کے اصولوں کے خلاف تھا۔ لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہونے والے پی ٹی وی کے وکیل نے اعتراف کیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نشریاتی حقوق کی الاٹمنٹ کے حوالے سے سرکاری ٹی وی چینل اور نجی میڈیا گروپ اے آر وائی کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں بہت سی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ پی ٹی وی کے وکیل نے آئندہ سماعت پر تمام متعلقہ دستاویزات معزز عدالت میں پیش کرنے کے لیے کچھ وقت مانگ لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف بلٹز اور جیو سپر کی اپیلوں کی سماعت کی۔ پی ٹی وی کے وکیل نے معزز جج صاحبان کو آگاہ کیا کہ معاہدے کے ریکارڈ کو دیکھنے کے بعد ایک مختلف تصویر سامنے آئی ہے۔ پی ٹی وی کے وکیل نے مزید بتایا کہ ٹھیکہ دینے کے لیے تشخیص کی اسکیم کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ نشریاتی حقوق کے قوانین کی تعمیل نہیں کی گئی ہے۔ پی ٹی وی کے وکیل فیصل نقوی نے کہا کہ وہ آئندہ سماعت پر تمام ثبوت اور دستاویزات عدالت میں پیش کریں گے۔ نقوی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اے آر وائی کے وکیل اعتزاز احسن اگلی سماعت سے قبل دستاویزات کا جائزہ لیں۔ فیصل نقوی نے کہا کہ وہ اگلی سماعت سے قبل جواب اور دستاویزات داخل کریں گے اور اعتزاز احسن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل کو پیشگی کاپی فراہم کریں گے۔ اے آر وائی کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ سب حکومت کی تبدیلی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ اس لیے سرکاری ٹی وی کے وکیل نے اپنا موقف تبدیل کر لیا ہے۔ دو رکنی بنچ کی سربراہی کرنے والے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کہا کہ ان کے سامنے سنگل بنچ کا فیصلہ ہے اور انہیں سنگل بنچ کے فیصلے کی قانونی حیثیت کو دیکھنا ہے۔ عدالت نے پی ٹی وی کے وکیل کو دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 جون تک ملتوی کر دی۔ جیو سپر اور بلٹز کی جانب سے ایڈووکیٹ بہزاد حیدر پیش ہوئے۔

اہم خبریں سے مزید