• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ایران تجارتی اور معاشی شعبوں میں نئی راہیں تلاش کریں، شہباز شریف

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر پر مسلسل حمایت پر ایرانی قیادت کے شکر گزارہیں افغان عوام کو منجمد اثاثوں تک رسائی فراہم کی جانی چاہیے ،پولان گوادر منصوبے کے ذریعے ایران سےاضافی 100 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، عالمی برادری کی مسلسل حمایت سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اپنی امنگوں کے مطابق حق خود ارادیت حاصل کریں گے،تجارتی اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں موجود وسیع گنجائش کی رکاوٹوں پر قابو پا ئیں گے، افغان عوام کو منجمد اثاثوں تک رسائی فراہم کی جانی چاہیے،انہوں نے گزشتہ روز پاکستان میں ایران کے سفیر سید علی محمد حسینی سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے بلوچستان میں جنگلات کی آگ پر قابو پانےکیلئے ایران کی بروقت مدد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ہمارے دونوں ممالک اور عوام کے درمیان موجود مضبوط برادرانہ تعلقات کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور مشترکہ جغرافیہ، مشترکہ ورثے اور عوام سے عوام کے روابط پر مبنی دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اہم خبریں سے مزید