اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بی جے پی رہنمائوں کے بیانات کی مذمت کیلئے ایوان میں بحث کرائی جائے اور مذمتی قرارداد منظور کی جائے، کروڑوں مسلمان ناموس رسالتﷺ پر اپنا سب کچھ قربان کرسکتے ہیں، ناموس رسالتؐ پر ایوان سے مشترکہ قرارداد منظور ہونی چاہئے، ایوان میں اس معاملے پر بحث کیلئے ایک گھنٹہ مختص کیا جائے، مسلمان ناموس رسالتؐ پر سب کچھ قربان کرسکتے ہیں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت میں بی جے پی رہنمائوں نے ہرزہ سرائی کی اور اپنے بیانات میں حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاخی کی، اس معاملے کو سنجیدہ لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایوان میں پیر کو اس معاملے پر بحث کیلئے ایک گھنٹہ مختص کیا جائے جبکہ پورا ایوان ان گستاخانہ بیانات کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرے۔