• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ ہفتےگورنمنٹ بوائز ڈگری کالج مٹیاری میں ایک شان دار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب ہر سال کی طرح اس سال بھی فرسٹ ائیر کے طلبہ کی جانب سے انٹر میڈیٹ کے طلبہ کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے صدر کالج کے پرنسپل سید بدر الزمان شاہ تھے۔

اس پارٹی میں کالج اساتذہ ، غیر تدریسی عملے اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، پروگرام کے انتظامی امور پروفیسر منور حسین اور عزیز الرحمٰن صاحب نے سنبھالے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض نوجوان طلبہ عبدالحئی اور دانیال گل نے کی۔ تقریب کا آغاز اللّہ پاک کے بابرکت نام سے ہوا۔

بعد ازاں طلبہ نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کالج کے تعلیمی امور اور انتظامی معاملات کی تعریف کی۔ انٹر کے طلبہ کو پھولوں کے تحائف پیش کیے گئے۔ انھوں نے پرنسپل کو خراج تحسین پیش کیا کہ جن کے تعاون سے وہ مٹیاری کے اس اہم تعلیمی ادارے سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انھوں نے سینیٹر طلبہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے اپنا تعلیمی سیشن انتہائی نظم و ضبط اور سنجیدگی سے گزارا۔

تقریب سے کالج کے پرنسپل سید بدر الزمان شاہ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ،’’ مجھے یہاں کے طلبہ کو دیکھ کر فخر ہوتا ہے جو نہایت سنجیدگی اور نظم و ضبط کے ساتھ علم کے حصول کے خواہاں ہیں۔ طلبہ کی روشن آنکھوں میں کچھ پا لینے کی لگن ہے۔ علم ترقی کا زینہ ہے، نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنے بہتر مستقبل کے حصول کے لیے مستقل مزاجی، تن دہی اور بہترین صلاحیتوں کے ساتھ اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔

طلبہ کو بہتر ماحول کی فراہمی ہماری ذمے داری ہے اور اسے پورا کرنے کی کما حقہ کوشش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ طلبہ خوش قسمت ہیں کہ یہاں نصب سولر سسٹم کی بدولت انھیں ہمہ وقت بجلی مہیا کی جارہی ہے۔ یہاں ایک واٹر آر او پلانٹ واقع ہے ، جو صاف شفاف پانی مہیا کرتا ہے۔

نیا فرنیچر، اوپن ہاؤسنگ کلاس روم کے علاوہ کالج میں ایک خوب صورت باغ اور سوئمنگ پول بھی ہے۔ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ یہاں ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج، مٹیاری ہر لحاظ سے سندھ کا ایک مثالی کالج ہے۔ دریں اثنا انھوں نے کہا کہ علم کے متلاشی طلبہ اس ادارے سے ضرور فیض یاب ہوں۔ مہمانان گرامی کے لیے ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ (رپورٹ: محمد فاروق دانش، ایسوسی ایٹ پروفیسر، گورنمنٹ سچل سرمست کالج حیدرآباد)