لاہور(سپیشل رپورٹر) بجٹ کا اعلان ہونے کے بعد یوٹیلٹی سٹوروں سے گھی اور کوکنگ آئل غائب ہوگیا ، باریک چینی سپلائی کرنے پر صارفین نے احتجاج کیا ہے۔ لاہور کے متعدد یوٹیلٹی سٹوروں سے سستا گھی اور کوکنگ آئل کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ سٹوروں پر باریک چینی کی سپلائی ہورہی ہے جس پر صارفین نے شدید احتجاج کیا ہے اور کہا کہ پرائیوٹ سٹوروں پر موٹی چینی 90روپے کلو آسانی سے دستیاب ہے، باریک چینی زیادہ مقدار میں استعمال ہوتی ہے، یوٹیلٹی سٹورز کا عملہ شناختی کارڈ اور موبائل فون کی رجسٹریشن میں تاٰخیری حربے استعمال کررہا ہے ، صارفین نے کہا کہ سرکاری عملہ نئے نظام کو ناکام بنانا چاہتا ہے جس وجہ سے سامان فراہم نہیں کیا جارہا اور تیل اور کوکنگ آئل کی مصنوعی قلت پیدا کردی گئی ہے۔ زونل منیجر لاہور سید عمران گیلانی نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر تمام سٹاک کی فراہمی جاری ہے اور سامان کی کوئی قلت نہیں، شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔