• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی ہم منصب سے ملاقات، ایران سے اضافی بجلی سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط کریں گے، بلاول بھٹو

تہران، اسلام آباد (نیوزایجنسیاں) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں، تہران کے ساتھ توانائی کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی، دنیا کو بھارت میں اسلاموفوبیا کے واقعات کی مذمت کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کیساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں کے باوجود تعاون کیلئے میکنزم موجود ہے، افغانستان اور فلسطین سمیت علاقائی مسائل بھی دوطرفہ بات چیت کا محور تھے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اضافی بجلی کی درآمد کے ذریعے توانائی کے شعبے میں ایران کے ساتھ اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ تجارت کے بارے میں بلاول نے کہا کہ انہیں خوشی ہے پاکستان اور ایران بارٹر ٹریڈ میکانزم کو فعال کرنے، سرحد پار تبادلے کو باضابطہ بنانے کے ذریعے دوطرفہ تجارت کی توسیع میں بڑی رکاوٹوں میں سے ایک کو حل کرنے کے قریب آ گئے ہیں۔ نئی سرحدی کراسنگ اور سرحدی منڈیوں کے ذریعے تجارت کو فروغ ملے گا۔ اس طرح کے اقدامات بہتر اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے مواقع کی فراہمی کیلئے ہمارے مشترکہ عزم کے اقدامات ہیں جن سے ایران اور پاکستان کے عوام کو فائدہ ہو گا، ان سے سرحد پر لوگوں کی زندگی اور بہبود کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انکا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ کیساتھ افغانستان میں تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ اس نازک موڑ پر افغانوں کی مدد کی جانی چاہیے، اور امریکا میں منجمد افغانستان کے اربوں ڈالرز انہیں واپس ملنے چاہئیں۔ بلاول نے کہا کہ عبداللہیان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر پر ایرانی قیادت کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کے عالمی اداروں کے ساتھ جوہری معاہدے کے مذاکرات میں تہران کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کا انتظار کر رہا ہوں جب یہ مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچیں اور ایرانی عوام کی مشکلات میں کمی ہو۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ کی میزبانی کرنے پر خوش ہوں، اسلامی دنیا کے دو عظیم ممالک ایران اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات ان تمام سالوں میں امید افزا رہے ہیں اور ہم نے نئی حکومت میں تعاون کی ترقی پر مبنی تعلقات قائم کیے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ آج ہم نے دو طرفہ تعلقات اور تعاون اور سرحدی بازاروں اور تہران اور اسلام آباد کے درمیان مشترکہ نقطہ نظر اور سیاسی پوزیشنوں کو اپناتے ہوئے مقامی تجارت اور صوبائی تعاون کے فروغ کے بارے میں بات کی۔ ہم نے بین الاقوامی میدان میں ثقافتی، سیاحتی تعاون کے ساتھ ساتھ اقتصادی اور تجارتی مسائل کے بارے میں بات کی۔
اہم خبریں سے مزید