اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرینگے جبکہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیل کی سماعت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونگی۔
دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی احاطہ عدالت میں موجودگی کے باعث تصادم کے خدشہ کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔
عمران خان خطاب میں ملک کی موجودہ سیاسی ، آئینی صورتحال اور ملک کی سلامتی ، سالمیت اور معاشی حالات پر اس کے اثرات پر گفتگو کریں گے۔ وکلا کو تقریب میں شرکت کیلئے دعوت نامے ارسال کر دئیے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل کی سماعت بھی آج ہو گی جو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ سنے گا۔