پشاور (نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے پشاور کی مشہور کارخانوں مارکیٹ میں مشہور برانڈ کے جعلی شیمپو بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر مالک کو گرفتار کر لیا جبکہ فیکٹری کو سیل کردیاگیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر انیس الرحمان نے کارخانوں مارکیٹ میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا۔ فیکٹری میں مشہور معروف برانڈ کی پیکنگ میں جعلی شیمپو پیک کیا جا رہا تھا۔ فیکٹری کو سیل کر کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔کارروائی کے دوران جعلی شیمپو بنانے میں استعمال ہونیوالے کیمیکل کے ڈرم، سٹیکرز، خالی بوتلیں، پیکنگ میں استعمال ہونے والی مشینری و دیگر مواد کو قبضے میں لے لیا گیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرانیس الرحمان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ کارخانو میں ایک فیکٹری میں مشہور و معروف برانڈ کے جعلی شیمپو تیار کیے جا رہے ہیں جس پر کارروائی کر تے ہوئے فیکٹری کو سیل کر کے مالک کو گرفتار کر لیا گیاجبکہ گرفتار مالک کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں فیکٹریوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کسی بھی علاقے میں غیر قانونی سرگرمی پر کارروائی کا حکم دیا ہے۔