پشاور(جنگ نیوز)پیسکو پشاور سرکل میں تمام ایگزیکٹو انجینئرز (XENs) کے ساتھ سیفٹی اقدامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لائن اسٹاف کی حفاظت، حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد اور دورانِ ڈیوٹی حفاظتی آلات کے مؤثر استعمال پر زور دیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سپرنٹنڈنٹ انجینئر(ایس ای)پشاورسرکل انجینئرارباب فاروق نے کی۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل انجینئراسد علی بھی موجود تھے۔اجلاس میں اس بات پر خصوصی تاکید کی گئی کہ لائن مینوں اور دیگر فیلڈ اسٹاف کی جان و سلامتی اولین ترجیح ہے اور بجلی کی لائنوں پر کام کے دوران کسی بھی صورت میں حفاظتی اصولوں پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران ہدایت کی گئی کہ تمام متعلقہ افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ فیلڈ میں کام کرنے والا عملہ پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ (PPE)، بشمول حفاظتی ہیلمٹ، سیفٹی بیلٹ، دستانے اور دیگر ضروری حفاظتی سامان، مقررہ اصولوں کے مطابق استعمال کرے۔ اسی طرح بجلی کے کاموں کے لیے درکار ٹولز اینڈ پلانٹس ( Tools Plants) کی دستیابی، درست حالت اور مناسب استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔تمام ایکسین کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے ماتحت افسران، ایس ڈی اوز، لائن سپرنٹنڈنٹس اور لائن اسٹاف کے ذریعے سیفٹی پالیسی اور مقررہ حفاظتی طریقۂ کار پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔ کسی بھی کام کو حفاظتی انتظامات مکمل کیے بغیر شروع نہ کیا جائے اور کام کے دوران تمام متعلقہ سیفٹی اصولوں اور ہدایات کی پابندی کی جائے۔