پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے متنی میں مستورات کے تنازعہ پر شہری کو گھر کے اندر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ پہاڑی پورہ سے نعش برآمد کرلی گئی ہے ۔ متنی پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ ٹوکرخیل متنی کے علاقے میں خالی مکان میں پیش آیا ہے جہاں مسماتہ شبینہ زوجہ انور شاہ ساکن ٹوکر خیل نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایاکہ اس کا 38سالہ شوہر انورشاہ گھر میں موجود تھا اس دوران ملزمان نے شوہر پر فائرنگ کر دی جس سے وہ گولیاں لگنے سے موقع پرہی جان کی بازی ہارگیا ہے ۔ انہوں نے قتل کی دعویداری تصور شاہ اور ظاہر شاہ پر کرتے ہوئے بتایاکہ ملزموں کے ساتھ گھریلو تنازعہ چلاآرہاہے ۔ ورثا مقتول کی نعش بذریعہ ایمبولینس تھانے لے آئے تھے اور انہوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھی کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔ ادھر تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود سے لاوارث نعش برآمد کرلی گئی ہے ۔ پولیس کاکہناہے کہ نعش پر کسی قسم کے تشدد یا فائرنگ کے نشانات نہیں ہے اور وہ مبینہ طور پر نشئی تھاتاہم نعش مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے ۔