اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آباد میں موجود چینی باشندوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کہیں شہر میں کہیں بھی آنے جانے سے قبل پولیس کو آگاہ کریں، ایک ہزار سے زائد چینی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز، سیکیورٹی ڈویژن یا پیٹرولنگ یونٹ ان کو تحفظ فراہم کرے گا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ دارالحکومت میں مقیم غیر ملکی باشندوں باالخصوص چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے حال ہی میں تشکیل دیے گئے ڈسٹرکٹ فارن سیکورٹی سیل کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ دارالحکومت پولیس کے عہدیداروں نے میڈیا کوبتایا کہ اجلاس کے دوران دارالحکومت میں مقیم چینی باشندوں کی تفصیلات پر مبنی سروے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔