اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مراسلہ سیاسی معاملہ تھا تو عمران خان سلامتی کمیٹی میں کیوں لیکر گئے؟ پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف سے معاہدہ پر عمل نہ کیا تو ملک ڈیفالٹ کر جائیگا جس کے تحت آج پٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر ہوتی ، شہباز حکومت نے پٹرول پر اپنی طرف سے ایک پیسہ بھی نہیں بڑھایا وہ آئی ایم ایف معاہدہ کے پابند ہیں ، عمران نے سوچا جھوٹ بول دیں تو ختم ہوجائیگا ایسا نہیں یہ جولائی 2019کا معاہدہ ہے ، عمران خان نے اپنی سیاست چمکانے کیلئے پاکستان کی سلامتی اور سکیورٹی اداروں کو داو پر لگا دیا۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیلوں پر سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے جاتے جاتے جو تباہی مچائی اس سے نکلنے میں مہینے یا سال لگ جائینگے، ملک کو اس نہج پر عمران خان لیکر آیاپرویز مشرف کی واپسی سے متعلق نوازشریف کی ٹویٹ خالصتاً انسانی بنیادوں پر تھی، نوازشریف ذاتی انتقام پر یقین نہیں رکھتے وہ آج بھی وطن سے دور ہیں اور واپس نہیں آ پا رہے، نواز شریف اس حکومت کا حصہ نہیں انہوں نے ذاتی حیثیت میں بات کی ، عمران خان اور اسکی جعلی جماعت کیلئے اکیلی کافی ہوں،عمران خان ایک ماہ رانا ثنا اللہ سے ڈرکر پشاور کے بنکر میں چھپے رہے، لانگ مارچ کی کال کیلئے لیڈ کرنا پڑتا ہے، لوگوں کے بچوں کو ریاست کے آگے چھوڑ کر انقلاب نہیں آتے، عمران خان کیخلاف ایک کے بعد ایک کرپشن کا سکینڈل سامنے آرہا ہے۔