کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے فیٹف وفد کے دورے کو رسمی قرار دیتے ہوئے پاکستانی قوم کو گرے لسٹ سے نکلنے پرمبارکباد دی ہے۔ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اس کامیابی کا سارا کریڈٹ انتظامی، قانونی اور سفارتی اقدامات کو دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے،گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے ہماری محنت رنگ لے آئی ہے، ہندوستان کے عزائم خاک میں مل گئے جو پاکستان کو بلیک لسٹ میں دیکھنا چاہتا تھا۔پروگرام میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما وسیم اختر اور نمائندہ جیو نیوز برلن عرفان آفتاب بھی شریک تھے۔ایم کیوا یم پاکستان کے رہنما وسیم اختر نے کہا کہ ہارنے والی جماعتیں ہمیشہ دھاندلی کے الزامات لگاتی ہیں، این اے 240 میں دوبارہ گنتی کا نتیجہ بھی ہمارے حق میں آ یا ہے، مسترد شدہ ووٹوں میں ٹی ایل پی کا صرف ایک ووٹ واپس ہوا ہے، الیکشن کمیشن کو ورکنگ ڈ ے میں نہ کروانے کیلئے لکھا تھا، ایم کیو ایم کو ووٹ کم ملنے کی بڑی وجہ ورکنگ ڈے پر ووٹنگ ہے۔عرفان آفتاب نے کہا کہ فیٹف نے پاکستان کو فی الحال گرے لسٹ سے نہیں نکالا ہے، فیٹف کا وفد پاکستان کا دورہ کر کے اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا ،اکتوبر میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا، فیٹف اجلاس میں پاکستان کی جانب سے34نکات پر عملدرآمد کو کافی سراہا گیا ہے۔سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر پاکستانی قوم کو مبارک ہو، گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے ہماری محنت رنگ لے آئی ہے، ہندوستان کے عزائم خاک میں مل گئے جو پاکستان کو بلیک لسٹ میں دیکھنا چاہتا تھا، ہندوستان کی لابنگ کا ہم نے سفارتی سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کیا، ہم نے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے باقاعدہ قانون سازی کی، دنیا تسلیم کررہی ہے پاکستان نے فیٹف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کے وفد کا دورہ پاکستان رسمی ہوگا، پاکستان کو عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہئے جنہوں نے مجھے اور فارن آفس کو گائیڈ کیا، پاکستان گرے لسٹ سے باہر آگیا ہے اس کا اکتوبر میں باقاعدہ اعلان ہوجائے گا، پاکستان ن لیگ کے دور میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل ہوا تھا،تحریک انصاف کی کوششوں سے فیٹف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان نے فیٹف کے ٹیکنکل فورم کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی، ن لیگ نے فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کو نکالنے کیلئے کچھ نہیں کیا، موجودہ وزیرمملکت برائے خارجہ محض پاکستان کی نمائندگی کیلئے وہاں گئی ہیں، فیٹف نے فیصلہ مارچ کی رپورٹ کی بنیاد پر کیا ہے جس پر پی ٹی آئی کے دور میں عمل ہوچکا تھا، گرے لسٹ سے نکلنے میں اسٹیٹ بینک، وزارت خزانہ کے کردار کے ساتھ افواج پاکستان کا انپٹ بھی تھا، ان تمام صاحبان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے گرے لسٹ سے ملک کو نکالنے کیلئے میرے ساتھ مل کر کام کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام بہت پریشان اور غم و غصہ کی کیفیت میں ہیں، لوگ سمجھتے ہیں تجربہ کار لوگوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے، پہلے ہم مہنگائی کو روتے تھے اب تباہی کا ذکر کررہے ہیں، لوگوں کی پریشانی دیکھتے ہوئے عمران خان نے بروز اتوار رات نو بجے ہر شہری کو پرامن احتجاج کی دعوت دی ہے۔