کلر سیداں (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے۔ کابینہ میں آدھے سے زیادہ لوگ ضمانتوں پر ہیں۔ میاں شہباز شریف کے پاس مینڈیٹ نہیں جوڑ توڑ کر کے عارضی حکومت مسلط کی گئی ہے‘ پیپلز پارٹی اور ن لیگ زیادہ دیر نہیں چل سکتے۔ حکومت کا دیگر جماعتوں کیساتھ غیر فطری اتحاد جلد بکھر جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزپی پی 7سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار کرنل (ر) محمد شبیر اعوان سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرتی جن لوگوں کو معاشی ماہرین کہا جاتا تھا انہوں نے اقتدار میں آ کر ملک میں پے درپے مہنگائی کے بم گرائے ہیں۔ ہم نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر سبسڈی ختم نہیں کی مگر امپورٹڈ حکومت آئی ایم ایف کے مطالبات سے بھی آگے سب کچھ تسلیم کر چکی ہے۔