• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کی شرح 28.5 فیصد، 32 اشیاء کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، 4 میں کمی، سپر ٹیکس کے اعلان سے اسٹاک مارکیٹ میں 1665 پوائنٹس کم

اسلام آباد، کراچی ( نمائندہ جنگ،اسٹاف رپورٹر، خبرایجنسیاں )مہنگائی کی شرح 28.5 فیصد، 32 اشیاء کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، 4 میں کمی، دال، خوردنی تیل، گھی، دودھ، بڑا گوشت، آٹا اور انڈے مہنگے ، ٹماٹر، مرغی اور سرسوں کا تیل سستا ہوا، سپر ٹیکس کے اعلان سے اسٹاک مارکیٹ میں 1665 پوائنٹس کم،انڈیکس 41ہزار پوائنٹس کی پست سطح پر آگیا.

 230ارب ڈوب گئے، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خریداور قیمت فروخت مستحکم رہی،سونے کی قیمت میں900روپے اضافہ،تولہ ایک لاکھ 41ہزار 600روپے کا ہوگیا۔

پاکستان بیورو آف شماریات کے جاری حساس اعشاریوں کےا نڈیکس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 28.05فیصد ہو گئی اور رواں ہفتے 32اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا .

 4اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 15اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ،رواں ہفتے جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں دال چنا 8.02فیصد ، پیاز 5.43فیصد ، دال مونگ 5.21فیصد ، خوردنی تیل 4.60فیصد ، دال ماش 4.27فیصد ، گھی 3.97فیصد ، انڈے 3.96فیصد ، دال مسور 3.71فیصد، آلو 2.12فیصد ، تازہ دودھ 1.78فیصد ، بڑا گوشت 1.48فیصد ، گندم کا آٹا 2.08فیصد اضافہ ہوا، جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ٹماٹر کی قیمت میں 9.14فیصد ، مرغی 6.36فیصد ، کیلے 0.68فیصد ، سرسوں کا تیل 0.33فیصد کمی ہوئی.

 رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں آٹے کے 20کلوگرام تھیلے کی قیمت 1222روپے ، چینی90 روپے فی کلوگرام رہی ، سیمنٹ کی بوری میں اوسطاً60روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری کی قیمت ایک ہزار روپے پر پہنچ گئی ۔

 سیمنٹ کی فی بوری قیمت لاہور میں 1150روپے ، سیالکوٹ 1100روپے ، فیصل آباد،1030روپے ، کراچی 934روپے ، پشاور980روپے قیمت رہی۔

ادھر بڑی صنعتوں پر سپر ٹیکس کے نفاذ سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج سےسرمائے کا انخلاء، مارکیٹ میں مندی کی بڑی لہر ، کے ایس ای100انڈیکس میں3.90 فیصد کی شرح سے 1665 پوائنٹس کی کمی ،42ہزار پوائنٹس کی حدبر قرار نہ رہی ، 78.84 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی ،سرمایہ کاری مالیت 230 ارب 99 کروڑ 51 لاکھ 4ہزار روپے گھٹ گئی، تاہم کاروباری حجم 21.38 فیصد زیادہ رہا.

ایک موقع پر 100انڈیکس 2161 پوائنٹس کی کمی سے 41ہزار پوائنٹس کی حد سے بھی نیچے 40555 پوائنٹس پر آگیا تھا لیکن اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1665.18 پوائنٹس کی کمی سے 42716.97 پوائنٹس سے کم ہو کر 41051.79 پوائنٹس پر آکر بند ہوا۔

 ادھر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 7 ڈالر فی اونس کی کمی سے 1831 ڈالر سے کم ہو کر 1824 ڈالر فی اونس ہو گئی لیکن اس کے برعکس مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 900 روپے فی تولہ کے اضافے سے ایک لاکھ 41 ہزار 600 روپے فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمت 772 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 21ہزار 400 روپے ہو گئی ہے ،تاہم چاندی کی قیمت 1560 روپے پر مستحکم رہی۔

اہم خبریں سے مزید