• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی میں امریکا نے اپنے 20 ایٹم بم ذخیرہ کر رکھے ہیں

اسٹاک ہوم (نیوز ڈیسک) سویڈش دارالحکومت ا سٹاک ہوم میں قائم بین الاقوامی ادارے نے عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق امریکا نے جرمنی کے بیوشل ائر بیس پر 20ایٹم بم ذخیرہ کررکھے ہیں، جب کہ کسی ایٹمی حملے کی صورت میں جرمن پائلٹ اپنے جنگی طیاروں کے ذریعے انہیں استعمال کرنے کے مجاز ہیں۔ سوئیڈن میں قائم سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نےگزشتہ روز جاری کردہ تازہ رپورٹ میں عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کی ایک نئی دوڑ کے خلاف خبردار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کئی برس تک اپنے جوہری ہتھیاروں میں کمی کے بعد اب تمام ایٹمی طاقتیں اپنے نیوکلیئر وارہیڈز پر اور ان کے استعمال کے لیے درکار ڈلیوری سسٹم پر بہت زیادہ مالی وسائل خرچ کر رہی ہیں۔ اس عسکری سرمایہ کاری میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ان میزائلوں، جنگی بحری جہازوں، آبدوزوں اور جنگی طیاروں کا حصول بھی شامل ہے، جن کے ذریعے جوہری ہتھیاروں سے حملے کیے جا سکتے ہوں۔ جوہری اسلحہ کی دوڑ میں چین سرعت سے پیش قدمی کررہا ہے،جب کہ امریکا اور روس مہنگے اور جدید ترین ہتھیاروں کی تیاری میں مصروف ہیں۔ سپری کے محقق ہانس کرسٹینسن کا کہنا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں 12ہزار 705ایٹمی ہتھیار موجود ہیں، جن میں سے 90فیصد سے زائد صرف 2ممالک روس اور امریکاکے پاس ہیں۔سپری کے مطابق 6ہزار 375جوہری ہتھیاروں کے ساتھ روس سب سے آگے ہے روس نے ایک ہزار 570جوہری ہتھیار نصب بھی کر رکھے ہیں۔
یورپ سے سے مزید