لاہور (نمائندہ جنگ ) منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کا ایف آئی اے میں تفتیشی افسر کو جواب جمع کرا دیا ۔
ایف آئی اے کے مطابق محمد نواز بھٹی چپڑاسی کے بتیس بینک اکاؤنٹس ہیں، مونس الٰہی نے جواب نامہ میں موقف اختیار کیا ہے کہ محمد نواز بھٹی کو نہیں جانتا، نواز بھٹی کے اکاؤنٹس سے متعلق بھی انہیں معلوم نہیں۔
مونس الہیٰ نے نواز بھٹی کے شئیرز سے متعلق بھی نفی میں جواب دیا، ʼآر وائے کےʼ گروپ بنانے میں کوئی کردار نہیں البتہ عمر شہریار سے کاروباری تعلق ہے اوربھائی راسخ الہیٰ نے شئیرز تحفے میں دیئے جس سے ایکس کیپٹل لمیٹڈ کے زریعے 16.2 فیصد شئیرز حاصل کیے۔
18.63 فیصد شئیرز انوسٹمنٹ کر کے ʼایم ای کیپٹل لیمیٹڈʼ کے ذریعے لیے،ایف بی آر میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں سب کچھ ڈکلئیر ہے،ایف آئی اے نے مونس الہی سے 33 سوالات کے جوابات مانگے تھے۔
ایف آئی اے میں مونس الہی سمیت دیگر کے خلاف 24ارب روپے کی منی لانڈرگ کی تحقیقات جاری ہیں۔