لندن(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائدمیاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے تبدیلی کے نام پر ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف سے مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام نے لندن میں ملاقات کی اور ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر مقام نے پارٹی اور حکومتی امور پر نواز شریف کو موقف سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ عمران نیازی نے تبدیلی کے نام پر ملک کا بیڑہ غرق کر دیا اور موجودہ حکومت نے تیل کی قیمتیں بڑھانے کا مشکل ترین فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اتحادیوں سے مل کر مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔نواز شریف نے امیر مقام کو ہدایت کی کہ مسلم لیگ(ن) کو خیبرپختونخوا میں مزید متحرک اور فعال بنایا جائے۔