کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی رہنما سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان اور حکومت سے تنگ لوگوں سے کہتا ہوں کہ تیاری کرلیں، جلد پورا ملک میں سراپااحتجاج ہوگا۔ شہباز شریف، آصف زرداری اور ایم کیو ایم انتخابات سے کیوں ڈر رہے ہیں ؟ یہ لوگ ملک کو دیوالیہ کرنے کی طرف بڑھانا چاہتے ہیں جبکہ سرکاری جہاز پر وزیر اعظم تعزیت کے لیے نواب شاہ گئے۔ عمران خان پاکستان کو جوڑنے کی بات کرتے ہیں اس لیے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سندھ میں تو بد معاشی راج چل رہا ہے یہاں ایک نظام بنالیا گیا ہے کہ الیکشن کیلیے لوگوں کواغوا کیا جائے جبکہ یہ جماعتیں خود الیکشن سے فرار کے لئے عدالت گئیں۔فوادچوہدری نے سوال کیا کہ شہباز شریف ،زرداری اور ایم اکیوایم والے الیکشن سے کیوں ڈر رہے ہیں، کوئی سیاسی جماعت الیکشن سے تو نہیں ڈرسکتی۔