• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آبادی کے اضافہ سے ملکی معیشت شدید دبائو کاشکار ہے،ماہرین

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پاکستان میں آبادی کے غیر معمولی اضافے کےباعث ملکی معیشت شدید دبائوکا شکار اور پانی کے ذخائر میں تیزی سے کمی جبکہ زرعی ا راضی تیزی سے ختم ہو کر آبادیوں میں تبدیل ہو رہی ہے جس کےباعث پاکستان دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہے جنہیں پانی کی شدید کمی کا سامنا ہے،تعلیمی میدان میں خطہ کے دیگر ممالک میں شرح خواندگی 90فیصد سے تجاوز جبکہ پاکستان میں یہ شرح آج بھی 63 فیصد ہے اور 15 سال سے زائد عمر کی آبادی کا ایک تہائی حصہ ناخواندہ ہے ۔ ان خیالات کااظہار پاپولیشن کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر سے آئے دانشوروں ، ،ماہرین اقتصادیات کے ایک روزہ مشاورتی اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس میں ورلڈ بنک کے سابق ماہرِاقتصادیات ڈاکٹر حاند مختار ،پاپولیشن کونسل کی پراجیکٹ ڈائریکٹر سامیہ علی شاہ ،ڈائریکٹر پروگرامز، ڈاکٹر علی میر سمیت چاروں صوبوں سے آئے دانشوروں او رصحافیوں نے شرکت کی اور اپنی رائے کا اظہار کیا ۔مشاورتی اجلاس میں جس میں شرح آبادی کو پائیدار سطح تک لانے کے لئے بجٹ میں مناسب اضافے ، ٹھوس اقدامات اور جامع منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ڈاکٹر حاند مختار نے کہا کہ پاکستان میں 85 فیصد پیداواری فارمز پانچ ایکڑ سے بھی کم اراضی پر مشتمل ہیں جبکہ عالمی سطح پر غذا اور فصلوں کی مناسب پیداوار کیلئَے کم از کم پانچ سے سات ایکڑ رقبے کے فارمز کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں معاشی ترقی کے حصول کیلئے خاندانی منصوبہ بندی میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ مشاورتی نشست سے خطاب کرتے ہوئےپاپولیشن کونسل کی پراجیکٹ ڈائریکٹر سامیہ علی شاہ نے بتایا کہ 1960 کی دہائی میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک سنگاپور ، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا ،ملائیشیا اور پاکستان میں کل شرحِ بارآوری 6تھی لیکن 1980 کی دہائی تک سنگاپور اور جنوبی کوریا نے بالترتیب 10 اور 16 سالوں میں اپنی شرح بارآوری نصف کردی لیکن پاکستان کو شرحِ بارآوری 6.3 تک لانے کے لئے50 سال لگے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے صحت، تعلیم ، خوراک سمیت بنیادی ضروریات کی کمی کے سنگین مسائل پیدا ہورہے ہیں۔اگر صحت کے اعشارئیوں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ میں نو مولود بچوں کی شرح اموات کا تناسب ایک ہزار بچوں میں سے دس ہے جبکہ پاکستان میں یہ شرح ایک ہزار بچوں میں سے 62 ہے۔ پاپولیشن کونسل کے سینئرڈائریکٹر پروگرامز، ڈاکٹر علی میر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہے جنہیں پانی کی شدید کمی کا سامنا ہے اور زرعی اراضی تیزی سے ختم ہورہی ہیں جو کہ ایک تشویشناک امرہے ایشیئن ٹائیگرز ممالک )سنگاپور، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا ( میں لیبر فورس میں خواتین کی شمولیت 50 فیصد ہے جبکہ پاکستان میں یہ شرح صرف 25 فیصد ہے ۔
لاہور سے مزید