• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، تعطیل کے باوجود 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ، شہری سڑکوں پر نکل آئے، چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہوگیا، شہر کے کئی علاقوں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12سے16گھنٹے ہونے کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے، انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے، حیرت انگیز طور پر شہر میں کئی دن سے جاری لوڈ شیڈنگ پر سیاسی جماعتوں اور منتخب نمائندوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے،شہریوں کے مظاہرے میں یہ رہنما شرکت سے گریزاں نظر آ رہے ہیں، شہریوں نے میڈیا کے دفاتر فون کر کے اس بات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے صورتحال پر خاموشی اپنائی ہوئی ہے، اس شہر سے14سے زائد قومی اسمبلی کی نشست جیتنے والی پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتیں صرف بیان بازی تک محدود ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کاروباری مراکز ، شادی ہالوں کے نو اور دس بجے بند ہونے کے باوجود رات کو بھی لودشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھنا کراچی کے شہریوں کو تنگ کرنےاور موجودہ وفاقی حکومت کو بدنام کرنے کا کے الیکٹرک کی مہم کا حصہ ہے، وزیر اعظم کراچی آکر صورتحال کا جائزہ لیں، اتوار کو ہفتے وار تعطیل کے باوجود شہر کے مختلف علاقوںلانڈھی، ملیر، کورنگی، دستگیر بلاک نو غوثیہ مسجد، النور، گلبرگ، نارتھ کراچی، بفرزون، اورنگی ٹائون، پاک کالونی، عثمانیہ سوسائٹی ناظم آباد، گلبہار وحید آباد، ملیر، عزیز آباد،گلشن اقبال پی ای سی ایچ ایس، دھوارجی سوسائٹی، برنس روڈ، گلستان جوہر،لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکوں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ دوسری جانب شہر کی کئی مصروف اہم شاہروں پر بھی اندھیرا چھایا رہا، اسٹریٹ لائٹ آف تھی،بعض علاقوں میں وولٹیج کم سپلائی کئے جانے کی بھی شکایا ت ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے کراچی کی عوام کو جنگی تیاری، بلیک آوٹ میں رہنے کی عادت ڈالنے کا بیڑا اٹھا یا ہوا ہے۔
اہم خبریں سے مزید