• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین، مال پر فضائی حملہ، 10 ہلاک، 40 سے زائد زخمی، امریکا کا کیف کو جدید طیارہ شکن میزائل بھیجنے کا اعلان

کیف، لندن، المائو ، جرمنی( اے ایف پی) یوکرین کے ایک مال پر فضائی حملے کے نتیجے میں 10افراد ہلاک اور 40سے زائد زخمی ہوگئے.

 امریکا نےیوکرین کو جدید ترین طیارہ شکن میزائل بھیجنے کا اعلان کیا ہے، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہاہےکہ پرہجوم مال پر روسی میزائل حملہ پیوٹن کے ’’ظلم اور بربریت‘‘ کا عکاس ہے.

 یوکرینی صدر زیلنسکی نے روس کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھانے اور مزید پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کےمطابق مشرقی یوکرین کے شہر کریمن چک کے گورنر دمیترو لونن کاکہناہےکہ ایک پرہجوم مال پر روسی میزائل حملہ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 40سے زائد زخمی ہوگئے.

 قبل ازیں اعلیٰ الصبح مشرقی یوکرین کے سلوویانسک شہر کے ایک اپارٹمنٹ پربھی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیاتھا۔

ادھر امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ امریکا روسی حملوں سے دفاع کے لیے یوکرین کو جدید ترین طیارہ شکن میزائل بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

سلیوان نے جرمنی میں صحافیوں کو بتایاکہ میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ ہم درحقیقت ایک ایسے پیکیج کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہیں جس میں جدید فضائی دفاعی صلاحیتیں شامل ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ مشرقی یوکرین کے شہر کریمن چک میں ایک پرہجوم مال پر روس کا میزائل حملہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ’’ظلم اور بربریت‘‘ کی گہرائیوں کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’پیوٹن کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کا طرز عمل اس عزم کو تقویت دینے کے سوا کچھ نہیں کرے گا کہ برطانیہ اور ہر دوسرا G7 ملک یوکرین کے ساتھ جتنا وقت لگے گا کھڑا رہے گا۔

مزید برآں یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ملک میں جاری جنگ موسم سرما شروع ہونے سے پہلے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

اہم خبریں سے مزید