• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا نوٹس، اسلام آباد جیل کمپلیکس اگلے مالی سال مکمل کرنیکا حکم

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد جیل کمپلیکس کےمنصوبےمیں برسوں کی تاخیر کانوٹس لیتے ہوئےاگلے مالی سال میں جیل کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور منصوبےکے جائزے کیلئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے،گزشتہ روز وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خاں کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیاگیا ہے ، وزیراعظم کے سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ نے اس حوالےسے حکمانہ جاری کردیاہے،کمیٹی کے ارکان میں داخلہ، ہاؤسنگ، منصوبہ بندی کی وزارتوں کے سیکرٹری، چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے شامل ہیں ،وزیراعظم نے معاملے پر کمیٹی سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے اسلام آباد ماڈل جیل کمپلیکس کا سالوں سے زیر التوا منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جدید ترین عالمی معیار اور سہولیات کی حامل اسلام آباد جیل کی تعمیر فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکی،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اگلے مالی سال میں اس منصوبے کومکمل کیاجائے،اسلام آباد میں موٹر وے کے قریب سیکٹر ایچ 16 میں90 ایکڑ پر محیط یہ جدید جیل تعمیر ہو رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید