اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گوجر خان میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کو فوری طور پر علاقے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کے روزمرہ معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے آئیسکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں۔ اسپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور ان مشکلات کے ازالے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔آئیسکو حکام نے سپیکر قومی اسمبلی کو یقین دلایا کہ گوجر خان میں بجلی کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم شدید گرم ہونے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے جس پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔