• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باچاخان ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں کو مزید فعال بنانےکافیصلہ

پشاور( جنگ نیوز) خیبرپختونخوا میں باچاخان ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں کو مزید فعال بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں باچا خان ٹرسٹ کے تعلیمی اداروں میں فرنیچر کی فراہمی، کتابیں اور دیگر سہولیات ہنگامی بنیادوں پر دی جائیں گی جس سے صوبے میں تعلیمی اقدامات مزید بہتر ہونگے ان خیالا ت کا اظہار باچا خان ٹرسٹ کے سینئر ایگزیکٹو آفیسر سید معصوم شاہ باچہ کی زیر صدارت منعقد اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں اے این پی کے سینٹرل ورکنگ کے ممبر و صدارتی امن ایوارڈ یافتہ الحاج ملک طارق اعوان، یاسین خلیل، عابد اللہ یوسفزئی، ملک فرہاد، ایڈمنسٹریٹر باچا خان ٹرسٹ اکبر خان درانی، ارسلان خان، ملک وصال، ڈاکٹر نوید درانی و دیگر موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید معصوم شاہ باچہ کا کہنا تھا کہ باچا خان ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں میں طلباء کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے جس میں یتیم اور بے سہارا بچوں کو داخلے دئیے جارہے ہیں تاکہ غربت کے باعث تعلیم سے رہ جانے والے بچے اپنی تعلیم کو مکمل کرسکیں اور اس معاشرے کا اچھا شہری بن سکیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الحاج ملک طارق اعوان کا کہنا تھا کہ ان تعلیمی اداروں میں کتابوں کی فراہمی سمیت فرنیچر اور دیگر سہولیات جلد از جلد فراہم کردی جائیں گی تاکہ تعلیم کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آسکے ملک طارق اعوان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کی خاطر باچا خان ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے ان تعلیمی اداروں کی تعداد بڑھا رہے ہیں تاکہ سکولوں کی کمی کی شکایات کا خاتمہ ہوسکے۔ باچا خان ٹرسٹ کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جن اضلاع میں ٹرسٹ کے تحت تعلیمی ادارے قائم نہیں کئے گئے ان اضلاع کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پشاور سے مزید