برسلز( حافظ اُنیب راشد ) یورپین یونین کی کوششوں سے امریکہ اور ایران کے مذاکرات دوحہ میں ہو رہے ہیں۔ یہ بات یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے لیڈ سپوکس مین پیٹر سٹانو نے گذشتہ روزیورپین دارالحکومت برسلز میں ایک نیوز پریس کانفرنس میں بتائی اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کی وضاحت بھی کی کہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر ڈیل کے مذاکرات کا مرکز ویانا سے تبدیل نہیں ہو رہا ۔ ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل اور ان کے ایران سے گفتگو کے لیے چیف مذاکرات کار اینرک مورا اپنی ٹیم کے ہمراہ دوحہ میں موجود ہیں۔ جہاں ایک اہم ڈویلپمنٹ میں امریکہ اور ایران ابتدائی مذاکرات کررہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ ابتدائی مذاکرات ایران کے ساتھ نیوکلیئرر ڈیل کیلئے جے سی پی اواے مذاکرات میں امریکہ کی واپسی میں مدد گار ثابت ہوگا۔لیکن دوحہ میں مذاکرات ایک عارضی عمل ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مذاکرات کا مرکز بھی آسٹریا کے دارالحکومت ویانا سے مڈل ایسٹ میں منتقل ہو رہا ہے۔