• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نور مقدم کیس‘ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نور مقدم قتل کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں میں پیپر بکس کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے فریقین کو جواب کیلئے نوٹس بھی جاری کر دیئے ہیں۔عدالت نے کہا کہ اس کیس میں مختلف اپیلیں فائل کی گئی ہیں اس لئے ایک ایک کرکے دیکھیں گے، منگل کو سماعت کے دوران مدعی مقدمہ سابق سفیر شوکت مقدم کے وکیل شاہ خاور، مقتولہ نور مقدم کی والدہ، بھائی اور دیگر فیملی ممبران جبکہ ملزمان افتخار اور جان محمد کی جانب سے وکیل کامران مرتضٰی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کہا کہ کیونکہ اس کیس میں مختلف اپیلیں فائل کی گئی ہیں اس لئے ایک ایک کرکے دیکھیں گے۔ سب سے پہلے ظاہر جعفر کی جیل اپیل ہے جس میں ہمیں کوئی سرکاری وکیل تعینات کرنا پڑے گا۔ وکیل نے کہا کہ مجھے فون پر عثمان شریف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ میں ظاہر جعفر کی طرف سے پیروی کروں گا۔