پشاور(نمائندہ جنگ )پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صرف محکموں کے نام بدل دیتی ہے ،کارکردگی وہی کے وہی رہتی ہے ناموں کی تبدیلی سے کوئی خاص تبدیلی آئی ہے کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے اس سے کام نہیں ہوتا کہ آپ کسی محکمے کا نام بدل دیں بلکہ بہتر یہ ہوتا کہ آپ کارکردگی کے بنیاد پر مزید اصلاحات کرتے ۔فاضل چیف جسٹس نے یہ ریمارکس گزشتہ روز اویس سردار ایڈووکیٹ درخواست گزار کی رٹ کی سماعت کے دوران دیئے۔ چیف جسٹس قیصر رشید اور جسٹس ارشد علی نے رٹ کی سماعت کی ۔ رٹ میں درخواست گزار اویس سردار اور پشاور شیخ آباد وارڈ کے چیئر مین محمد منیر نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے نے شیخ آباد میں پارک کو بند کردیا ہے جس سے علاقے کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور علاقے کے لوگ دوسری جگہوں پر تفریح کے لئے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب پارک میں گندگی کے ڈھیر لگا دیے گئے ہیں جس سے پارک کی خوبصورتی متاثر ہوئی ہے۔