• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے پتہ ہے میں کہیں نہیں جارہا، میڈیا غیریقینی پیدا کر رہا ہے، پی سی بی چیئرمین

کراچی(عبدالماجد بھٹی ،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا آٹھ ماہ قبل اہم ترین عہدے پر آنے کے بعد میڈیا سے دور تھے لیکن گذشتہ پانچ دن سے انہوں نے میڈیا سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔بدھ کو کراچی میں انہوں نے مصروف دن میں ایک گھنٹے سے زیادہ کا وقت میڈیا سے بات چیت میں مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا اور کئی بار پچ سے باہر نکل کر اسٹروکس بھی کھیلے۔اس دوران وہ کئی بار میڈیا کے ساتھ جارحانہ رویہ اختیار کئے رہے اور بعض دفعہ وہ میڈیا کو ٖڈراتے رہے کہ منفی خبروں سے گریز کریں اگر پاکستان کرکٹ نیچے چلی گئی تو شایدصحافیوں کی نوکریاں بھی خطرے میں پڑ جائیں۔پریس کانفرنس میں انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق پر بات کرنے سے گریز کیااور کہ اس معاملے سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ممکنہ تبدیلی پر بات کرتے ہوئے وہ جذباتی دکھائی دیئے۔رمیز راجا نے کہا کہ مجھے پتہ ہے میں کہیں نہیں جا رہا، کیا اسٹیمپ پیپر پر لکھ دے دوں کہ میں کہیں نہیں جارہا غیر یقینی میڈیا پیدا کررہا ہے۔غیر یقینی والی باتیں میڈیا کررہا ہے۔ماضی کی روایت ہے کہ چیئرمین ،حکومت کے ساتھ چلاجاتا تھا لیکن یہ قانون نہیں ہےیہ نا ن ایشو ہے۔میڈیا کیا چاہتا ہے کہ میری جلدی سے چھٹی ہو آپ شہ سرخیاں لگائیں،مستقل مزاجی بھاڑ میں جائے،میڈیا دونوں پارٹیوں کو خوش کرنے کی کوشش کرتا ہے میں نے جتنی لڑائیاں لڑی ہیں میری کمنٹری تو اب گئی؟ میں کرکٹ تک محدود ہوں سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں ۔میری پچھلی پریس کانفرنس میں یہ کہہ دیا گیا کہ رہیں گے یا نہیں ،دوبارہ میڈیا کے سامنے آگئے ہیں۔عمران خان سے بات کررہے ہیں یا نہیں۔ میڈیا جو ہیڈ لائینز لگائے گا تو پھر کھلاڑی آپ سے کیوں بات کریں گے۔رمیز راجا نے کہاکہ اگر میڈیا چیف سلیکٹر محمد وسیم کو لیپ ٹاپ چیف سلیکٹر کہے گا تو وہ کس طرح میڈیا سے بات کرے گا۔کئی پاکستانی کھلاڑی ،پاکستانی میڈیا سے بات نہیں کرنا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ میری پچھلی پریس کانفرنس میں 90فیصد میڈیا نے منفی شہ سر خیاں لگائی ہیں کسی نے کرکٹ فاؤنڈیشن کی بات نہیں کی۔سلیکشن میں کراچی کے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے پر انہوں نے کہا کہ یہ میرے لئے ذاتی سوال ہے۔تابش خان کو ایک ٹیسٹ کھلایا گیااس قسم کے سوالات نامناسب ہیں۔رمیز راجا نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے پاکستان آنے سے انکار کیا میں نے اس کا مقدمہ لڑا اور جیتا۔ چیئرمین شپ کے آغاز میں ہی برا موقع آیا کہ دو بڑی کرکٹ ٹیموں نے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کردیا لیکن آئی سی سی کی میٹنگ میں معاملہ اٹھایا تو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی ملی اور انگلینڈ، نیوزی لینڈ نے دوبارہ دورے کی حامی بھی بھری۔رمیز راجا کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے ساتھ لاہور اور ملتان میں 70،70 کمرے تعمیر کریں گے، کراچی میں ہوٹل کےلیے پی آئیاے کی زمین پر بات چیت چل رہی ہے۔

اسپورٹس سے مزید