اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)اتحادیوں کے بڑھتے خدشات پر وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی جس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو‘سردار ایاز صادق اور سعد رفیق بھی شریک ہوئے ۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال‘ ایم کیو ایم کے تحفظات اورچیئرمین نیب کی تقرری پر مشاورت کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف نے تمام اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے آصف زرداری سے ایم کیو ایم کے تحفظات پر مشاورت کی اور درخواست کی کہ ایم کیو ایم کے ساتھ تحریری معاہدے پر عملدر آمد کیا جائےجس پرزرداری نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان سے جلد نکل آئیں گے۔
شہباز شریف سے بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خالدمگسی اور بلوچستان سے آزادرکن اسلم بھوتانی نے بھی ملاقات کی ۔
خالد مگسی سے ملاقات میں وزیراعظم نے بی اے پی کے تحفظات سنے اور جلد مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ وزیراعظم سے وفاقی وزیر سالک چوہدری نے بھی ملاقات کی اور شہباز شریف کو سرمایہ کاری سے متعلق آگاہ کیا۔وزیراعظم نے اسلم بھوتانی کے تحفظات سنے اور انہیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔