کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال کیا لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز اپنی آئینی مدت تک وزیراعلیٰٰ رہ سکیں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد آج کے الیکشن کیلئے حمزہ شہباز کو کچھ ایڈوانٹج حاصل ہیں.
حمزہ شہباز کو فائدہ پہنچے گا مگر سیاسی بحران ختم ہوتا نظر نہیں آرہا ہے، پرویز الٰہی کو جوڑ توڑ کا موقع نہیں مل سکے گا، آئینی بحران کو بہت پہلے حل ہوجانا چاہئے تھا.
شہزاد اقبال نے کہا کہ حمزہ شہباز سادہ اکثریت نہیں لیتے تب بھی ان کے بطور وزیراعلیٰ فیصلے برقرار رہنے کا حکم نظریہ ضرورت کے تحت لگتا ہے، پنجاب میں آئینی بحران کو بہت پہلے حل ہوجانا چاہئے تھا.
قاسم سوری کے معاملہ میں سپریم کورٹ نے بہت فعال کردار ادا کر کے آئین پر عمل کروایا، پنجاب میں 16اپریل کے بعد سے ابہام تھا کہ منحرف اراکین کا ووٹ شمار کیا جائے گا یا نہیں کیا جائے گا.
عدالت کی طرف سے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب برقرار رکھنے کی منطق سمجھ نہیں آرہی ہے، سیکنڈ رن آف کا مطلب ہوتا ہے کہ پہلے الیکشن میں فیصلہ نہیں ہوا، جب پہلے الیکشن میں درست فیصلہ نہیں ہوا تو حمزہ شہباز وزیراعلیٰ کس طرح ہیں۔