• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع بونیر میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے عمارت کے نشاندہی کا کام شروع

پشاور (لیڈی رپورٹر)میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور سیکرٹری صحت عامر سلطان ترین نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کی ہدایت پر بونیر میڈیکل کالج کے مجوزہ سایئٹ کی نشاندہی کے لئے تین مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر تحصیل گاگرہ کے ناظم کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کے ایم یو کی ایک خصوصی ٹیم نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کی قیادت میں ضلع بونیر کا دورہ کیا جبکہ اس موقع پر خیبر پختون خوا کے سیکرٹری صحت عامر سلطان ترین بھی موجود تھے۔ اس دورے کا مقصد وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان کی ہدایت پر ضلع بونیر میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے موزوں عمارت کے نشاندہی کرنا تھا۔ وفد نے اس سلسلے میں تین مقامات بونیر میڈیکل کمپلکس، گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج اور تحصیل گاگرہ کمپلکس کا ورہ کیا اور وہاں دستیاب مختلف سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دریں اثناء وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے متعلقہ سرکاری حکام اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور سیکر ٹری صحت کو اس دورے کی ہدایت وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کی تھی جو بونیر میں جلد از جلد ایک میڈیکل کالج کا قیام چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے انہیں کسی ایسی سرکاری عمارت کی نشاندہی کا ٹاسک دیا ہے جہاں میڈیکل کالج قائم کیا جاسکتا ہے لہٰذا اس سلسلے میں انھوں نے سیکرٹری صحت کے ہمراہ بونیرمیڈیکل کمپلکس،گورنمنٹ پولی ٹیک نیک کالج اور تحصیل گاگرہ کمپلکس کی عمارات کا دورہ کیا ہے جنکی فیز یبلٹی رپورٹ جلد ہی وزیر اعلیٰ کو پیش کرکے مجوزہ عمارت میں بونیر میڈیکل کالج کے قیام پر کام کاآغا زکیاجائے گا۔
پشاور سے مزید