اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ پاکستان کی سفارتکاری آم کی طرح میٹھی ہے اور ہم اس پھل کی وساطت سے دنیا بھر میں میٹھی سفارتکاری کے ثمرات حاصل کر رہے ہیں، مینگو فیسٹیول کی تقریب کے موقع پر وزیر خارجہ ملکی اور غیرملکی مہمانوں سے گھل مل گئے اور غیررسمی انداز میں جملوں کا تبادلہ بھی کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی آم دنیا میں بہترین اور میٹھے ہیں، ہم نے تمام سفیروں اور سفارتخانوں میں آموں کے تحفے بھیجے ہیں، انہوں نے بعض سفارتکاروں سے غیررسمی انداز میں استفسار بھی کیا کہ آپکو ہماری طرف سے بھیجے ہوئے آم پسند آئے۔ مقامی ہوٹل میں مینگو فیسٹیول کا انعقاد وزارت خارجہ نے پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیاجوپاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر سال بھر میں منعقد کی جانیوالی سرگرمیوں اور تقریبات کے سلسلے کا حصہ تھا، تقریب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، ڈپلومیٹک کور کے ڈین ترکمانستان کے سفیر عطاجان سمیت بڑی تعداد میں مختلف طبقہ فکر اور شعبہ زندگی کی اہم شخصیات نے شرکت کی، تقریب میں اسلام آباد میں سفارتی مشنز کے سربراہان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور غیر رسمی تبادلہ خیال بھی کیا، بلاول بھٹو نے اس موقع پر پاکستان کی 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے حصے کے طور پر تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔