تہران (اے ایف پی /جنگ نیوز )ایران 6اعشاریہ 1 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا ،جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں،جنوبی ایران میں 6.1شدت کے زلزلے میں کم از کم 5افراد ہلاک اور 50سے زائد زخمی ہو گئے۔اس زلزلے کے اثرات متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں میں بھی محسوس کیے گئے ، معروف پاکستانی میزبان فخر عالم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے زلزلے کو انتہائی خطرناک قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے دبئی میں 20سال رہائش کے دوران اتنے طویل زلزلے کے جھٹکے محسوس نہیں کیے۔اے ایف پی کے مطابق اس زلزلے کے بعد ملک میں 6.3شدت کے مزید دو زلزلے بھی آئے۔ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق صوبہ ہرمزگان میں ایمرجنسی مینجمنٹ کے سربراہ مہرداد حسین زادہ نے بتایا کہ زلزلے میں 5افراد ہلاک ہوئے۔