اسلام آباد (تنویر ہاشمی /کامرس رپورٹر )ملک کی تمام سیگریٹ تیار کرنیوالی کمپنیوں کے لیے ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی ٹیکس مہر کے بغیر سگریٹ فروخت کرنے پر پابندی لگادی گئی ہے ٹیکس مہر کے بغیر مارکیٹ میں سگریٹ فروخت کرنے کی آخری تاریخ 30جون تھی ، یکم جولائی سے تمام سگریٹ کمپنیوں کے لیے الیکٹرانک ٹیکس مہر لگانے کی شرط لازم ہوگئی ہے، اس سے اربوںر وپے کی ٹیکس چوری کا خاتمہ ہوگا اور ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوگا، ایف بی آر کی انفورسمنٹ ٹیموں نے سگریٹ کمپنیوں میں نگرانی کا نظام سنبھال لیا ہے اور بغیر ٹیکس سٹیمپ سگریٹ فیکٹری سے باہر جانے کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ، ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے پروجیکٹ ڈائر یکٹر طارق حسین شیخ نے جنگ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ملک کی تین سگریٹ ساز کمپنیوں نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نصب کر لیا ہےا ور ان کی فیکٹریوں سے الیکٹرانک مہر شدہ سگریٹ ہی مارکیٹ میں جارہے ہیں جبکہ باقی 13مقامی سگریٹ کمپنیوں کو سگریٹ فیکٹری سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے ان میں 12کمپنیاں مردان اور صوابی میں ہیں جبکہ ایک کمپنی سرگودھا میں ہے ، دیگر مقامی کمپنیوں کو کہا گیاہےکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نصب کرنے اور الیکٹرانک ٹیکس مہر نصب کرنے کی صورت میں ہی اپنے ڈسٹربیوٹرز کو تمباکو مصنوعات بھیج سکیں گےاور مارکیٹ میں فروخت کر سکیں گے۔