• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی آڈیو کی تردید نہیں کی، مریم اورنگزیب

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بشریٰ بی بی کی آڈیو کی تردید نہیں کی،دعا زہرہ کے والد کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ دعا زہرہ کی عمر 15سال کے قریب ثابت ہونے کے بعد والدین اس کے نکاح کی حیثیت چیلنج کرسکتے ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 20نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں جن میں سے 9 نشستیں جیتنا ن لیگ کیلئے بہت اہم ہے، حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ کا دارومدار انہی ضمنی انتخابات پر ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بشریٰ بی بی کی آڈیو کی تردید نہیں کی، آج شیریں مزاری نے کہا کہ یہ بشریٰ بی بی کا موقف ہوسکتا ہے،بشریٰ بی بی آڈیو میں ہدایات دے رہی ہیں کہ میرے اور فرح سے متعلق بات ہو تو اسے غداری سے جوڑ دیں، بقول ان کے بشریٰ بی بی روحانیت کے اعلیٰ منصب پرفائز گھریلو خاتون ہیں ان کا روس، سائفر اور غداری سے کیا تعلق ہے، آڈیو سے ہماری باتوں کی تصدیق ہوگئی کہ سب کچھ بنی گالہ سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پورا غداری کا بیانیہ اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ہے، آڈیو سے ثابت ہوا کہ یہ کرپشن کو غداری کے بیانیے کے پیچھے چھپارہے ہیں، ہم نے سیاسی مفاد کیلئے کبھی آڈیو ویڈیو لیک کرنے جیسی حرکتیں نہیں کیں،عمران خان ماضی میں کہتے تھے کہ حکومتی عہدیداروں کی ریکارڈنگ کرنا درست ہے، ان چیزوں سے ثابت ہوتا ہے فرح گوگی کے ساتھ ان کی بزنس ٹرانزیکشن تھیں، عمران خان کو ان کی کرپشن اور آئینہ دکھاؤ تو غداری سے منسلک کردیتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ فرح گوگی سے متعلق آزاد ادارے شفاف تحقیقات کررہے ہیں، نیب اور اینٹی کرپشن میں ان کیخلاف کیس چل رہا ہے، آڈیو بشریٰ بی بی کی فرح گوگی کے ساتھ بزنس ٹرانزیکشن ثابت کررہی ہے، پچھلی آڈیو میں بھی فرح خان ہیروں کے حوالے سے کہہ رہی ہیں کہ بشریٰ بی بی یہ ڈیمانڈ کررہی ہیں، ہم ان کیخلاف سب کچھ قانون کے مطابق کریں گے، فرح گوگی مقدمات میں مطلوب ہیں لیکن بھاگی ہوئی ہیں، بشریٰ بی بی کے بھائی کو انکوائری کیلئے بلایا گیا ہے، فرح گوگی کبھی بشریٰ بی بی کی سہیلی تو کبھی ان کی بچی بن جاتی ہیں، بشریٰ بی بی کی آڈیو سے ثابت ہے انہوں نے اپنی کرپشن چھپانے کیلئے بین الاقوامی سازش کا بیانیہ گھڑا، بشریٰ بی بی یہ سب کرتی رہیں اور عمران خان کہتے ہیں انہیں کچھ پتا نہیں تھا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی ہدایت پر عمران خان جلسے میں ڈونلڈ لو پر تنقید دوسری طرف ان کے منتیں ترلے کررہے ہیں، عمران خان کے ہاتھ میں آٹھ مارچ کو سائفر آگیا تھا تو اسی وقت تحقیقات کیوں نہیں کیں، بارہ مارچ کو ویمنز ڈے پر ڈونلڈ لو کو چیف گیسٹ کیوں بلایا گیا۔دعا زہرہ کے والد کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ دعا زہرہ کی عمر 15سال کے قریب ثابت ہونے کے بعد والدین اس کے نکاح کی حیثیت چیلنج کرسکتے ہیں، ایسے کیسوں میں بچیوں کو شیلٹر ہوم بھیجا جاتا ہے لیکن ہمارے شیلٹر ہومز میں بچوں کا تحفظ بھی سوالیہ نشان ہے، کسی ٹرائل کے نتیجے میں دعا زہرہ کا معاملہ اغوا کا ثابت ہوتا ہے تو اس دوران بچی کو خطرات سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ اسے والدین کے حوالے کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید