• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاپتا افراد، قانون بنائیں گے، غریب طبقے کو ریلیف دینا اولین ترجیح، معاشی حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو مزید سہولتیں دیں گے، شہباز شریف

اسلام آباد(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان نیشنل پارٹی کو لاپتا افراد کے حوالے سے بنانے کی یقین دہانی کرا ئی ہے، وزیراعظم نے کہا غریب طبقے کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے، معاشی حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو مزید سہولتیں دینگے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے تین رکنی وفد سے ملاقات کی ، بی این پی نے لاپتا افراد کے معاملے میں وزیر اعظم سے اقدامات کا مطالبہ کیا، ملاقات میں وزیرمملکت برائے توانائی ہاشم نوتیزئی اور سینیٹر قاسم بھی شریک ہوئے،دوران ملاقات بی این پی وفد نے وزیراعظم پر واضح کیا کہ لاپتا افراد کے معاملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اس پر جلد قانون سازی چاہتے ہیں ، جس پر شہبازشریف نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ مشاورت کے بعد بل تیار کرکے قومی اسمبلی میں لایا جائیگا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب طبقے کو مشکل معاشی حالات کے اثر سے بچانا اولین ترجیح ہے، معاشی حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو مزید سہولیات فراہم کریں گے،انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ معاشی حالات بہتر ہونے کے ساتھ ہی ہم عوام کو مزید سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے غریب ترین طبقے کو مشکل معاشی حالات کے اثر سے بچانا ہماری اولین ترجیح رہی ہے۔پنجاب میں ماہانہ 100یونٹس استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کے فیصلے سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کا ماہانہ 100یونٹس تک استعمال کرنے والے خاندانوں کے لیے بجلی کی مفت فراہمی کا اعلان خوش آئند ہے۔علاوہ ازیں اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیراعظم نے کارگل جنگ کے ہیرو کرنل شیر خان شہید (نشان حیدر) کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو 23 ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتی ہے، کرنل شیر خان شہید نے دشمن کی گولیوں کی بوچھاڑ میں اہم پوزیشن کلیئر کرنے کے لئے اپنی جوانوں کی قیادت کی، کارگل کے پہاڑوں نے بہادری کا ایسا منظر کبھی نہیں دیکھا ہو گا۔

اہم خبریں سے مزید