کراچی (اسٹاف رپورٹر) جو روٹ اور جونی بیئرسٹو کی میچ وننگ سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کو برمنگھم ٹیسٹ میں سات وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچ کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔ بھارت کا15 سال بعد سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ جوروٹ نےایک چھکے اور 19چوکوں کی مدد سے 173گیندوں پر142نا قابل شکست رنز بنائے، یہ ان کی 28ویں سنچری ہے۔ جونی بیئرسٹو نے ناقابل شکست 114رنزایک چھکے اور15 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ منگل کو ایجبسٹن میں 109رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعد دونوں نے چوتھے وکٹ کی شراکت میں269رنز بنائے۔ انگلینڈ نے ریکارڈ 378 رنز کا ہدف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ بیئرسٹو نے پہلی اننگز میں بھی106رنز بنائے تھے انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا۔ جوروٹ نے سیریز میں 737رنز بنائے اور دو وکٹ حاصل کئے انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بھارت کی جانب سے کپتان جسپریت بمراہ نے دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 416رنز بنائے۔ اس اننگز میں بھارت کا ٹاپ آرڈر ناکام دکھائی دیا، جس کے نتیجے میں 100رنز سے پہلے ہی بھارت کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تاہم رشابھ پنت اور رویندر جدیجا 221رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو بڑے اسکورتک پہنچایا۔ جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں284 رنز بناسکی۔ جونی بیئرسٹو نے 106 رنز کی اننگز کھیلی ۔ سیم بلنگز 36رنز کے ساتھ دوسرے کامیاب بیٹر رہے۔ بھارتی ٹیم نے 132 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور245رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔