اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین تجارت میں اضافے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائیگا، وزیرخزانہ نے ا ن خیالات کا اظہار ایران کے سفیرسیدمحمد علی حسینی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ،فریقین نے مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے میں گہری دلچسپی کااظہار کیا، وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان اورایران کے درمیان تجارت استعدادسے کم ہے، تجارت کے فروغ میں حائل رکاؤٹوں کودورکرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ایران کے سفیرنے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ توانائی، تجارت اوردیگرشعبوں میں مشترکہ تعاون کی وسیع تراستعدادموجودہے جس سے بھرپوراستفادہ کیاجاسکتاہے، فریقین نے پاکستان اورایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات پراطمینان کااظہارکیا اورمشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے میں گہری دلچسپی کااظہارکیا۔