اویس احمد
ساتھیو! دنیا میں بے شمار جانور پائے جاتے ہیں۔ ہر ایک کی اپنی اپنی خصوصیات ہیں لیکن کچھ جانور ایسے ہیں جو حیرت انگیز خصوصیات کے حامل ہیں۔ ان میں سے چند کے بارے میں ہم آپ کو بتا رہے ہیں۔
عجیب مینڈک
الاسکا میں پایا جانے والا ایک عجیب مینڈک شدید سردی پڑنے پر خود بھی برف کے ساتھ جم جاتا ہے۔ اس کے جمے رہنے کی مدت 6 سے 7 مہینے ہوتی ہے۔ اس عرصہ میں مینڈک کے جسمانی اعضاء جم کر کام کرنا بند کردیتے ہیں اور دوران خون بھی رک جاتا ہے۔ اس عمل کو سائنس کی اصطلاح میں ہائیبرنیشن کہتے ہیں۔ جب گرمی کا موسم آتا ہے تو یہ مینڈک جاگ کر پھر سے جینے لگتا ہے۔
زیبرا کی دھاریوں کے پیچھے چھپا راز
زیبرا اپنی منفرد دکھنے والی دھاریوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ اور اس کے ایسے ڈیزائن کا مقصد کیموفلاج سمجھا جاتا ہے۔ مگر درحقیقت ایسا نہیں ہے۔ زیبرا کی دھاریاں قدرت نے خون چوسنے والے کیڑوں اور گھڑ مکھیوں سے بچنے کے لئے تخلیق کی ہیں۔ ان دھاریوں میں سےنکلنے والی لائٹ ویوز کیڑے مکوڑوں کو دور بھگاتی ہیں۔