اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ گیس، بجلی اور پٹرول عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئے، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، ایک طرف مہنگائی اور دوسری جانب غربت اور بیروزگاری ہے، رہی سہی کسر لوڈشیڈنگ نے نکال دی، ملک کے کروڑوں باسی بدترین حالات میں زندہ رہنے پر مجبور ہیں، پریشانیوں اور مصیبتوں سے لوگ نفسیاتی مریض بن گئے، غریبوں کا خون نچوڑنے والوں کو اپنے کئے کا جواب دینا ہو گا، پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی کیخلاف مظاہرے کئے اب جب انکی حکومت آئی تو حالات بد سے بدتر ہو گئے، پی ٹی آئی نے ساڑھے تین برسوں میں تباہی مچائی، موجودہ حکمران جماعتوں نے تین ماہ میں ہی سابقہ حکومت کا حساب چکتا کر دیا، ملک میں تمام خرابیوں کی ذمہ دار یہی حکمران اشرافیہ ہے، پی پی 170کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سٹیٹس کو سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار کو ووٹ دیں،حلقہ پی پی 170میں جماعت اسلامی کے امیدوار وقاص بٹ کی ضمنی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نےکہاکہ ، پنجاب کا دارالحکومت کچرا منڈی بن گیا شہر میں کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، لوگ آلودہ پانی پینے پر مجبور، زہر آلودہ فضا میں سانس لے رہے ہیں حقیقی خوشحالی اور ترقی اسوقت آئیگی جب ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج ہو گا جماعت اسلامی ووٹ کی طاقت سے ملک میں اسلامی نظام نافذ کرنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔