پشاور(صباح نیوز)عید الاضحیٰ انتہائی قریب آنے پر پشاور میں پابندی کے باوجود غیر قانونی مویشی منڈیاں سج گئیں جس کے باعث شہرمیں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہو گئی جبکہ ٹرانسپورٹ سمیت پیدل آمد و رفت میں بھی عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کو صرف ایک دن رہ جانے پر پشاور کے شہری علاقوں میں پابندی کے باوجود غیر قانونی مویشی منڈیاں سج گئی ہیں جہاں پر جانوروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ کھلے عام جاری ہے جس پر مقامی افراد کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔پشاور کے شہری علاقہ گنج،یکہ توت،کوہاٹی،لاہوری ،ریتی بازار،موچی لڑااور باچاخان چوک میں شام کے بعد رات دیر گئے تک غیر قانونی مویشی منڈیاں معمول بن گئی ہیں جس کی وجہ سے جہاں ٹریفک کا نظام متاثر ہورہا ہے وہیں پیدل آمد و رفت بھی مشکل ہو گئی ہے اور خاص کر اندرون شہری علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے باعث خواتین کا بیشتر علاقوں سے گزرنا محال ہو گیا ہے ، پشاورشہر کے وسط میں واقع گنج اور یکہ توت سمیت کوہاٹی میں منڈیوں میں زیادہ تر دنبے اور بکرے فروخت کئے جارہے ہیں تاہم مذکورہ مقامات پر صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے جبکہ کانگو سے بچائو کےلئے بھی کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ۔اسی طرح باچاخان چوک میں پابندی کے باوجود غیر قانونی مویشی منڈی قائم ہو گئی ہے جہاں بڑے پیمانے پر چھوٹے جانور فروخت کےلئے لائے گئے ہیں جن میں زیادہ تعداد دنبے اور بکروں کی ہے ۔شہریوں نے انتظامیہ سے غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔