پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور میں سرکاری انشورنس کمپنی کے دفتر میں 2خواتین پر فائرنگ کمیٹی رقم کے تنازعے کا شاخسانہ نکلا تاہم ملزم چوکیدار تاحال روپوش ہے جس کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے ،عید سے ایک روز قبل ہسپتال میں زیرعلاج مسماۃ (ش) منیجر اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے شرقی پولیس کو رپورٹ کی وہ اپنے دفتر میں کام کررہی تھی جہاں کنٹونمنٹ بورڈ پلازہ کا چوکیدار عرفان سکنہ ورسک روڈ نے آکر ان پر فائرنگ کرکے اس سمیت دوخواتین کو زخمی کر دیاجبکہ ملزم فرار ہوگیا تھا، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر شرقی پولیس نے بتایا کہ متعلقہ خواتین اور ملزم نے آپس میں کمیٹی ڈالی اور ان کے درمیان کمیٹی کی رقم پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا جس پر ملزم فائرنگ کرکے فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم چوکیدار کی گرفتاری کے بعد مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔ واضح رہے کہ واقعہ 9جولائی کو پیش آیا تھا جب سرکاری چھٹی تھی لیکن اس کے باوجود سرکاری انشورنس کمپنی کا دفتر کھلا رکھا گیا تھا جہاں دو خواتین کو فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا۔