لاہور(نمائندہ جنگ) ڈیفنس اے کے علاقہ میں قتل ہونے والے گھریلو ملازم کے واقعہ میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی،پولیس تاحال فرار ہونے والے دو ملزمان کو گرفتار نہ کرسکی ہے۔چائلڈ پروٹیکشن بیورونے زخمی بھائی کو تحویل میں لے لیا، قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے رپورٹ طلب کرلی،11 سالہ کامران دو روز قبل ڈیفنس فیز تھری میں تشدد سے جان کی بازی ہارگیا تھا جبکہ اسکا بھائی تشدد کے باعث زخمی ہے،پولیس کے مطابق اہلخانہ پولیس سے جھوٹ بولتے رہے اور تمام ممبران کے بیانات میں تضاد تھا،تین ملزمان گرفتار ہیں دیگر دو کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ملازم بچے ایک سال سے ڈیفنس میں کام کررہے تھے۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب نےڈیفنس میں زخمی بھائی 7سالہ رضوان کو تحویل میں لے لیا۔چئیرپرسن سارہ احمدنے رضوان سے ملاقات کی ،اسےچائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کردیا گیا ہے۔ سارہ احمدنے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن کورٹ سے بچے کی قانونی تحویل حاصل کی گئی ہے۔ اسکا مکمل علاج معالجہ کروایا جائے گا ۔