حیدر آباد (نیوز ایجنسیاں) سٹیزن کالونی قاسم آباد میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایک گھر میں آگ لگنے سے معروف سندھی شاعر اور ادیب ڈاکٹر آکاش انصاری ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ تحقیقات کیلئے 5رکنی ٹیم تشکیل دیدی گئی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تفصیلات طلب کر لیں،رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف سندھی شاعر ڈاکٹر آکاش انصاری کے جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ ر یسکیو 1122 کے ایک بیان کے مطابق آگ بھٹائی نگر تھانے کی حدود میں واقع ڈاکٹر آکاش انصاری کے گھر میں لگی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ 75 سالہ آکاش انصاری جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ انکا بیٹا والد کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر سول ہسپتال پہنچایا گیا۔ ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر فائر ٹینکر کی مدد سے آگ پر قابو پایا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ پولیس بھٹائی نگر واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔