• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا اپنے اہداف کے حصول کا ایک بہترین اور موثر طریقہ ہےجو نوجوان مربوط طریقے سے منصوبہ بندی کرتے ہیں، پریشانیوں پر قابو پانے کے لئے اصولوں کی درجہ بندی کرتے ہیں وہی اپنی منزل کا نشان پالیتے ہیں۔ آپ کی زندگی کی منصوبہ بندی سڑک کا نقشہ رکھنے کے مترادف ہے جو آپ کو اپنی مطلوبہ منزل تک پہنچنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

نیپولین ہل کی مشہور زمانہ کتاب تھنک اینڈ گروچ‘‘(THINK AN GROW RICH) میں انسانی نفسیات کو دیکھتے ہوئے تمام افراد خاص کر نوجوانوں کو ناممکن لفظ کو ممکن بنانے پر زور دیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا ہے کہ آپ کی اعادات و اطوار کو واضح کر کے اسے زندگی کی منصوبہ بندی میں کیسے ڈھالا جا سکتا ہے جو ہر معاشرے میں موجود ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ جب آپ منصوبہ بندی کرنے کے لیے وقت نکالتے ہیں تو نہ صرف مطلوبہ مقاصد کا تعین کرتے بلکہ اس تک پہنچنے کے لیے ضروری اقدامات اور موثر ترین ہتھیار استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔

منصوبہ بندی کرنے میں جلد بازی نہ کریں، جو وقت اور کوشش اس کام میں دیں گے نتیجہ اس سے کئی گنا بڑھ کر ملے گا، اس سے پشیمانی اور ناکامی سے محفوظ رہیں گے اور یہی زندگی کی بڑی خواہش ہوتی ہے۔ منصوبہ بندی آپ کو قوت فیصلہ کی طاقت دیتی ہے۔ منصوبہ بنانے کا مطلب ہےکہ آپ اپنے معاملات اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں۔

صحت مند معاشرہ ہر قوم کا خواب ہوتا ہے۔ خوبصورت زندگی گزارنے کے لئے مکمل طور پر صحت مند ہونا پہلی شرط ہے، لہٰذا اپنی جسمانی اور ذہنی کمزوری کو ختم کرنےکے لئے کوشش کریں کہ ترو تازہ ہوا میں ورزش کریں اس سے آپ چاق چوبند رہیں گے۔ اس کے لئے ضروری نہیں کہ آپ باقاعدہ جم میں داخلہ لیں۔ گھر کے صحن، چھت، اور پارکوں میں چہل قدمی کر کے اور ہلکی پھلکی ورزش کر سکتے ہیں۔

اپنی ذات کا محاسبہ کر کے اپنے اندر سے حسد، رقابت، منافقت اور شک کو ختم کریں، برداشت اور تحمل سے کام لیں ہر بات کو پہلے سمجھیں اس کے بعد آگے بڑھیں۔ تمام لوگوں کے لئے اچھی سوچ رکھیں جس میں اصلاح کا پہلو نمایاں نظر آئے۔ ہمارے معاشرے میں مقابلے بازی کا رجحان بہت زیادہ ہے۔ اگر کوئی طالب علم یا نوجوان اپنی جدوجہد، انتھک محنت، لگن اور جستجو سے آگے بڑھتا ہے اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوتا ہے تو کچھ دوست احباب اور عزیز و اقارب میں ایسے افراد موجود ہوتے ہیں جو حاسد اور دل میں کدورت رکھتے ہیں وہ دل ہی دل میں کڑتے ہیں اور اس نوجوان کےخوابوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اپنے دوستوں کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہئے اور یہی سوچ ملک و قوم کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ نظم و ضبط کو منصوبہ بندی کی پہلی سیڑھی بنائیں۔

ادارے معاشی کمزوری کی وجہ سے اپنے اخراجات میں کمی کر رہے ہیں جس کے لیے بڑے پیمانے پر افرادی قوت کو بھی کم کیا جا رہا ہے۔ مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان فکرمند ہیں کہ تعلیم مکمل ہونے کے بعد ان شعبوں میں ملازمت کی صورت حال کیا ہوگی، اس لئے زندگی کے نشیب و فراز اور معاشی طلب و رسد کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے اور زندگی میں کچھ نیا کرنا بہت ضروری ہو گیا ہے، تا کہ آمدنی کے ذرائع میں اضافہ کیا جائے۔

آج کل زیادہ تر نوجوان طبقہ آن لائن کاروبار کو ترجیح دے رہا ہے۔ اپنی منصوبہ بندی میں پارٹ ٹائم یا آن لائن ملازمت کو بھی شامل رکھیں تاکہ والدین پر بوجھ بنے بغیر اپنی تعلیمی اخراجات پورے کر سکیں۔ جب آپ اپنے کام کی منصوبہ بندی کریں گے اور اس کے مطابق اپنی توانائیاں صرف کریں گے تو تیزی سے اپنے اہداف کی جانب بڑھیں گے۔ اپنے آپ کو جتنا زیادہ بہتر کریں گے اتنا زیادہ خود کو مزید بہتر کرنے کے قابل ہوتے جائیں گے۔

ہر فرد اپنا مستقبل بہتر انداز سے گزرنا چاہتا ہے، اس کے لئے ضروری ہے کہ اچھی صحبت سے وابستہ افراد اور سے دوستی کریں۔ اہل علم و فراست اور دانشمند دوستوں کو اپنے حلقہ احباب میں شامل کریں۔ اس سے ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ نوجوان معاشرتی اور سماجی سرگرمیوں میں بھر پور طریقے سے حصہ لے کر آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کر سکتےہیں اور دوران گفتگو ایک دوسرے سے اچھے مشورے وغیرہ بھی حا کر سکتے ہیں جس سے مستقبل کی جامع منصوبہ بندی کرنے میں مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

اپنے حلقہ احباب میں کسی ایسے غیرجانبدار شخص کو تلاش کریں جو آپ کی رہنمائی کر سکے اور آپ کے ممکنہ فیصلے کے بارے میں فیڈبیک دے سکے۔ جیت پر نظر رکھنے کے بجائے یہ اہم ہے کہ اپنے ہر اقدام یا فیصلے پر عملدرآمد کریں، تاکہ صحیح اور بروقت فیصلوں سے آپ آگے بڑھ سکیں۔