برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی) مجاہد اوّل سردار محمد عبدالقیوم خان نے ساری زندگی کشمیر کے قومی تشخص پر سمجھوتہ نہیں کیا، ان کی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے گرد گھومتی رہی۔ ان خیالات کا اظہار آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے کنوینر راجہ اسحق صابر نے سردار محمد عبدالقیوم خان کی برسی کی تقریب سے اظہار خیال کرطتے ہوئے کیا جس میں نو منتحب صدر برمنگھم سید عاشق حسین کاظمی، سرپرست اعلیٰ کونسلر چوہدری عظیم، چوہدری مطلوب، سید اظہر گیلانی، راجہ زیارب خان، راجہ بشیر، راجہ اللہ دتہ و دیگر نے شرکت کی۔ راجہ اسحق صابر کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی ذیلی تنظیمیں اس کی مضبوطی کا سبب ہوتی ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ ہم مجاہد اوّل کے نظریات و افکار لے کر برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر اور یورپ کی سب سے بڑی لوکل اتھارٹی برمنگھم برانچ کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کشمیر کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے، اس جماعت کا مضبوط ہونا تحریک آزادی کشمیر کے مضبوط ہونے کے مترادف ہے، ہم سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں جدو جہد جاری رکھیں گے ۔نو منتحب صدر سید عاشق حسین کاظمی کا کہنا تھاکہ جس اعتماد کا مجھ پر اظہار کیا گیاہے انشااللہ قیادت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہوں گا پاکستان آزادکشمیر اور مہاجرین مقیم پاکستان ہر جگہ پر مسلم کانفرنس کا پیغام پہنچائیں گے۔ دیگر عہدیداران نے بھی قیادت کے فیصلے کو لبیک کہا۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس کے سفارتی سطح پر کام کرنے والے ڈاکٹر فاروق خان، راجہ زیارب خان، راجہ عمر مہتاب اور دیگر بھی موجود تھے۔ آخر میں مجاہد اوّل کی مغفرت ،سابق سرپرست اعلی اور ممبر مجلس عاملہ سینئر کونسلر چوہدری فاضل مرحوم سمیت دیگر وفات پا جانے والوں کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی۔